غزہ جنگ بندی، انٹونی بلنکن ایک بار پھر سعودی عرب پہنچ گئے

ریاض: امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن ایک بار پھر غزہ جنگ بندی کے سلسلے میں سعودی عرب پہنچ گئے ہیں۔

روئٹرز کے مطابق واشنگٹن اسرائیل کے ساتھ سعودی عرب کے تعلقات معمول پر لانے کے لیے کوشاں ہے، اس سلسلے میں پیر کو امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے مشرق وسطیٰ کے دورے کے آغاز پر سعودی عرب پہنچ کر ولئ عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کی۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق حماس اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی معاہدے میں پیش رفت پر مشاورت کے لیے امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے ایک بار پھر مشرق وسطیٰ کا دورہ کیا ہے، انٹونی بلنکن نے ریاض میں سعودی ولئ عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور اپنے سعودی ہم منصب وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان السعود سے ملاقات کی۔

رپورٹس کے مطابق یہ ملاقات دو گھنٹے جاری رہی، تاہم ملاقات کے بعد بلنکن صحافیوں کے سوالوں کا جواب دیے بغیر چلے گئے، واضح رہے کہ 7 اکتوبر کو حماس کے اسرائیل پر حملے کے بعد سے امریکا کے اعلیٰ سفارت کار کا یہ پانچواں دورہ ہے۔

انٹونی بلنکن مصر، قطر اور اسرائیل کا دورہ کریں گے اور یرغمالیوں کے معاہدے سے متعلق حماس کے ساتھ مصر اور قطر کی ثالثی میں ہونے والی بات چیت کو آگے بڑھانے پر زور دیں گے۔ روئٹرز کے مطابق غزہ کی پٹی میں بمباری کی زد میں آئے ہوئے فلسطینیوں نے امید ظاہر کی ہے کہ بلنکن کا خطے کا دورہ آخرکار جنگ بندی کا باعث بنے گا، اور اس محصور علاقے میں ان کی آخری پناہ گاہ پر نئے اسرائیلی حملے رک جائیں گے۔

.